بلوچ کالونی عمارت حادثہ: وزیر اعلیٰ سندھ نے سیکریٹری بلدیات ڈاکٹر وسیم شمشاد، ڈی سی ایسٹ اور ایس ایس پی ایسٹ کو ان کے عہدوں سے فوری طور پہ ہٹانے کا حکم دے دیا۔

ڈاکٹر وسیم شمشاد کی خدمات وفاقی حکومت کو واپس دینے اور ان کی معطلی و باضابطہ انکوائری کے لیے سفارش کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

کراچی: بلوچ کالونی میں زیر تعمیر عمارت گرنے کے واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے سندھ لوکل گورنمنٹ سیکریٹری اور ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل وسیم شمشاد کو دونوں عہدوں سے ہٹانے، ایسٹ کے ڈپٹی کمشنر نصراللہ عباسی اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی عہدوں سے ہٹانے کے احکامات جاری کردیے۔

وزیراعلیٰ نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے واقعے میں غفلت برتنے پر متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ وسیم شمشاد کی خدمات وفاقی حکومت کو واپس بھیجنے اور ان کی معطلی و باضابطہ انکوائری کے لیے سفارش کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔ سندھ حکومت نے ان کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جبکہ ان کی جگہ انسپکشن، انکوائریز اینڈ امپلیمینٹیشن ٹیم کے چیئرمین بلال میمن کو سندھ کا سیکریٹری بلدیات تعینات کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ایس بی سی اے کے 16 افسران کو معطل کرنے اور ان کے خلاف انکوائری شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے متعلقہ پولیس حکام کو عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا، جبکہ عمارت کے آرکیٹیکٹ اور اسٹرکچرل انجینئر کو بھی تحقیقات میں شامل کرنے کی ہدایت کی تاکہ تعمیراتی کام کی منظوری شدہ نقشے، بلڈنگ قوانین اور حفاظتی معیار سے مطابقت کا تعین کیا جاسکے۔

مراد علی شاہ نے شفاف اور جامع تحقیقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کے ضیاع یا شہریوں کو تکلیف پہنچانے والی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کے مطابق عوامی تحفظ ہر سرکاری محکمے کی اولین ذمہ داری ہے اور بلڈنگ قوانین پر عملدرآمد میں کوتاہی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کراچی میں عدالتی حکم امتناع کے باوجود تعمیر ہونے والی 123 عمارتوں کا معاملہ بھی اٹھایا اور بتایا کہ ان عمارتوں کی تعمیر رکوا دی گئی ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر قانون کو چیف جسٹس سے رابطہ کرکے ان مقدمات کو 15 روز میں فیصلے کے لیے درخواست کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کے مطابق بلوچ کالونی میں گرنے والی عمارت بھی عدالتی حکم امتناع کے تحت تعمیر کی جارہی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایس بی سی اے کے 16 سے 17 افسران کی نشاندہی کرکے ان کی معطلی کا حکم دیا گیا ہے اور ان کے خلاف قانونی مقدمات درج کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، تاکہ قانون کے مطابق ملازمت سے برطرفی کی کارروائی ہوسکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ ایس بی سی اے میں انتظامی اصلاحات اور احتساب کے لیے بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی جائیں گی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔

متعلقہ خبریں