آرمی چیف کا تربت کا دورہ، بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی

فوج صوبے کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ترقی و خوشحالی کے سفر میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی

تربت: چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہفتہ کے روز تربت کا دورہ کیا اور بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج صوبے کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ترقی و خوشحالی کے سفر میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور تربت کی سول انتظامیہ کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں سیکیورٹی صورتِ حال، ترقیاتی منصوبوں اور سول و عسکری اداروں کے درمیان رابطے کو مزید مستحکم بنانے پر بات چیت ہوئی۔

:چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ

 بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، اور مشترکہ سول و عسکری کوششوں سے صوبے کو امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔ 

انہوں نے اچھی طرزِ حکمرانی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوام پر مبنی جامع ترقی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

اس موقع پر آرمی چیف کو صوبے میں امن و امان کی صورتِ حال، ’’فتنۂ ہندوستان‘‘ کے خلاف کامیاب آپریشنز، جاری ترقیاتی منصوبوں اور جنوبی بلوچستان میں سماجی و معاشی بہتری کی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

انہوں نے تربت میں تعینات فوجی جوانوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور ملک کے دفاع میں ان کی غیر متزلزل وابستگی کو سراہا اور کہا کہ مشکل حالات کے باوجود ان کی قربانیاں بلوچستان میں امن و استحکام کی ضمانت ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہے، اور فوج کے تعاون سے بلوچستان میں معاشی مواقع اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔

یاد رہے کہ بلوچستان حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 249.50 ارب روپے مختص کیے ہیں، جبکہ حال ہی میں صوبائی کابینہ نے سیکیورٹی بہتری، اقتصادی اقدامات اور کسانوں کے لیے سبسڈی سمیت کئی عوامی منصوبوں کی منظوری دی ہے۔

متعلقہ خبریں