847 کسانوں میں 3 ارب روپے کے بلاسود قرضے تقسیم

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے شروع کیے گئے گرین پاکستان انیشیٹو کے دوسرے مرحلے کے تحت 847 کسانوں میں 3 ارب 26 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کر دیے گئے۔

تقریب کی صدارت وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کی، جہاں 35 ہزار 609 ایکڑ اراضی پر کاشت کاری کے لیے کسانوں میں چیکس تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان اور اعلیٰ عسکری و سول حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات زراعت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جو پاکستان کی برآمدات کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کسانوں کی معاونت اور بلوچستان میں خوشحالی کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

حکام کے مطابق گرین پاکستان انیشیٹو کا دوسرا مرحلہ پہلے مرحلے کی کامیابیوں کا تسلسل ہے، جس کے تحت 12 کور ہیڈکوارٹرز کے تعاون سے 257 کسانوں کو 68 کروڑ 50 لاکھ روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے گئے تھے۔ تقریب کے دوران پروگرام کی کامیابیوں پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

مقامی کسانوں نے اس اقدام کو کسان دوست پروگرام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مالی بوجھ میں کمی آئے گی اور بنجر زمین کو قابلِ کاشت بنا کر زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ نہ صرف ان کے مسائل کم کرے گا بلکہ پاکستان میں زرعی انقلاب اور خوشحالی کا پیش خیمہ بھی ثابت ہوگا۔

متعلقہ خبریں