چشتیاں میں تین پٹواریوں کے خلاف محکمانہ کارروائی، دو معطل، ایک کو دفتر قانونگو رپورٹ کرنے کا حکم

انکےخلاف بعض طاقتور قبضہ گروپوں کی ملی بھگت سے انتقالات و رجسٹریوں کے معاملات میں غیر قانونی مالی فوائد حاصل کرنے کے الزامات بھی زیرِ غور ہیں۔

چشتیاں: اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں ساحل رسول چیمہ کی ہدایت پر محکمانہ نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے تین پٹواریوں کے خلاف مختلف نوعیت کی کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

سرکاری احکامات کے مطابق ایک پٹواری کو دفتر قانونگو رپورٹ کرنے جبکہ دو پٹواریوں کو بدانتظامی، ناقص کارکردگی اور سرکاری احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کے باعث فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محمد زبیر، پٹواری حلقہ چک نمبر 169 مراد اور چک نمبر 132 مراد کو آئندہ احکامات تک دفتر قانونگو رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

اسی طرح محمد حمزہ، پٹواری حلقہ چک نمبر 174 مراد کو بدانتظامی اور ناقص کارکردگی کی بنیاد پر فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ محمد سفیان، پٹواری حلقہ چک نمبر 13 گجیانی کو سرکاری ذمہ داریوں کی بار بار عدم تعمیل پر معطلی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

سرکاری دستاویزات میں کارروائی کی وجوہات بدانتظامی، ناقص کارکردگی اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی بیان کی گئی ہیں۔ تاہم بعض ذرائع کے مطابق متعلقہ اہلکاروں کے خلاف مبینہ طور پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور بعض طاقتور قبضہ گروپوں کی ملی بھگت سے انتقالات و رجسٹریوں کے معاملات میں غیر قانونی مالی فوائد حاصل کرنے کے الزامات بھی زیرِ غور ہیں۔ ان الزامات کی سرکاری سطح پر تاحال تصدیق نہیں کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید محکمانہ تحقیقات جاری ہیں اور شفاف انکوائری مکمل ہونے کے بعد مزید کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں ساحل رسول چیمہ نے کہا کہ سرکاری امور میں غفلت، بدعنوانی، ناقص کارکردگی اور اختیارات کے غلط استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور عوامی مفاد کے خلاف کام کرنے والے اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

متعلقہ خبریں