ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بہاولپور کی بہاولنگر میں کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنانے کی ہدایت

بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کا مقصد شہریوں کو سرکاری دفاتر میں غیر ضروری مشکلات سے بچاتے ہوئے ان کے مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے، عوامی شکایات کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ڈی سی آفس لان میں ڈی پی او محمد عمران اور ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بہاولپور زاور منظور وڑائچ کے ہمراہ منعقدہ کھلی کچہری میں افسران اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو سرکاری اداروں تک براہِ راست رسائی فراہم کرنا، ان کے مسائل سننا اور فوری داد رسی یقینی بنانا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

کھلی کچہری میں ضلع بھر سے آنے والے شہریوں نے مختلف مسائل، شکایات اور درخواستیں افسران کے سامنے پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے شہریوں کی درخواستیں سنیں اور متعلقہ افسران کو مسائل کے حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر قابلِ سماعت درخواستوں کو فوری کارروائی اور داد رسی کے لیے متعلقہ محکموں کو بھجوانے کے احکامات بھی دیے گئے۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ شہریوں کی شکایات پر میرٹ اور قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ خبریں