پنجاب میں کلائمیٹ لیڈرشپ ڈیولپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کا آغاز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوانوں کو ماحولیاتی تحفظ میں عملی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے پنجاب کلائمیٹ لیڈرشپ ڈیولپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تجربہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کے شعبے میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔

وزیراعلیٰ نے اس پروگرام کا اعلان اپنے فیس بک پیغام کے ذریعے کیا، جس میں کہا گیا کہ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو ماحولیاتی اقدامات اور گورننس کے عمل میں شامل کرنا ہے تاکہ وہ عملی تجربہ حاصل کرتے ہوئے ماحول کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

پروگرام کے تحت منتخب انٹرنز کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا جبکہ تین ماہ کی انٹرن شپ مکمل کرنے پر شرکاء کو سرکاری سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جائے گا۔ پروگرام میں 50 فیصد نشستیں طالبات کے لیے مختص کی گئی ہیں تاکہ خواتین کو مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

اس پروگرام کے تحت سرٹیفکیشن کے اجرا میں یونیسکو کے ساتھ تعاون بھی کیا جائے گا۔ انٹرنز کو پنجاب انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کے افسران کے ساتھ کام کرنے اور ماحولیاتی پالیسی یونٹس میں عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

دلچسپی رکھنے والے نوجوان 29 مارچ تک محکمہ ماحولیات کے آفیشل پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ حکومت پنجاب کے مطابق اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں میں ماحولیاتی شعور کو فروغ دینا اور انہیں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں