راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں ای فائلنگ اور آفس آٹومیشن سسٹم جلد متعارف کرانے کا اعلان
راولپنڈی: راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) میں ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کرتے ہوئے ای بز پورٹل اور ای فائلنگ و آفس آٹومیشن سسٹم (ای-FOAS) جلد متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) نے منگل کے روز آر ڈی اے کے افسران کو تربیت فراہم کی۔
ای بز پورٹل کے ذریعے شہریوں اور سرمایہ کاروں کو اجازت ناموں، لائسنسز، رجسٹریشن اور زمین کے استعمال میں تبدیلی سمیت مختلف خدمات آن لائن فراہم کی جائیں گی، جس سے دفاتر کے چکر لگانے، سرخ فیتے اور تاخیر سے نجات ملے گی۔ جبکہ ای-FOAS ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو سرکاری دفاتر میں فائلوں کی دستی نقل و حرکت ختم کر کے دفتری امور کو مؤثر بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق یکم فروری سے ای بز پورٹل پر 15 محکموں کی 210 سروسز دستیاب ہوں گی۔ یہ اقدامات گورننس کو بہتر بنانے، شفافیت بڑھانے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مؤثر بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر پی آئی ٹی بی کے نمائندے زید بن طارق نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے عملی ڈھانچے، اہم خصوصیات اور مرحلہ وار نفاذ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ نظام دفتری عمل کو آسان بنانے، دستی مداخلت کم کرنے اور خدمات کی فراہمی میں مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ پی آئی ٹی بی حکام نے کہا کہ چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان کے وژن کے مطابق تمام سرکاری خدمات کو ای بز پورٹل کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے گا، تاکہ شہریوں کو دفاتر جانے کی ضرورت نہ پڑے اور وقت و وسائل کی بچت ہو۔
آر ڈی اے کی ڈائریکٹر جنرل کنزہ مرتضیٰ نے تمام ڈائریکٹوریٹس کو ہدایت کی کہ جدید منصوبہ بندی کے ٹولز اور ڈیجیٹل نظام مکمل طور پر اپنائے جائیں تاکہ شفافیت، مؤثریت اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای بز پورٹل اور ای-FOAS سسٹم ادارہ جاتی گورننس کو مضبوط بنانے اور بروقت عوامی خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دونوں ڈیجیٹل نظام آر ڈی اے میں بہت جلد لانچ کیے جائیں گے، جو ادارے میں ڈیجیٹل تبدیلی کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوں گے۔