اسلام آباد میں20 فروری سے موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لازمی قرار
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں 20 فروری سے موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگوانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق منگل کو اس فیصلے کا اعلان کیا گیا اور اس سلسلے میں مہم کا دوسرا مرحلہ رواں ہفتے باقاعدہ طور پر شروع کیا جا رہا ہے۔
موٹر سائیکل سوار 20 فروری کو صبح 10 بجے سے ایم ٹیگ حاصل کر سکیں گے۔ ایم ٹیگ حاصل کرنے کے لیے موٹر سائیکل کے کاغذات اور قومی شناختی کارڈ ساتھ لانا لازمی ہوگا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام اقسام کی موٹر سائیکلوں، چاہے وہ نجی استعمال کے لیے ہوں یا آن لائن رائیڈنگ سروسز کے لیے، ایم ٹیگ لگوانا ضروری ہوگا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں 13 مقامات پر ایم ٹیگ کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں تعاون کریں کیونکہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور سفر کو زیادہ محفوظ بنانا ہے۔