کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کی بارشوں سے متاثرہ سڑکوں کی فوری مرمت کے لیے کنٹریکٹرز اور متعلقہ افسران کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے 15 روز کے اندر تمام تعمیراتی کام مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلت، تاخیر یا ناقص کام کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میئر نے ترقیاتی منصوبوں، فنڈز کے اجرا اور جاری اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی، فنانشل ایڈوائزر گلزار ابڑو، سینئر ڈائریکٹر انجینئرنگ جنید اللہ خان، ڈائریکٹر میڈیا دانیال سیال سمیت دیگر حکام شریک تھے۔
اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ میئر نے ہدایت کی کہ کسی بھی منصوبے کے بل کی ادائیگی تھرڈ پارٹی ویریفکیشن کے بغیر نہ کی جائے، کیونکہ شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
حکام نے ڈی اے ڈی پی اسکیمز، صوبائی اے ڈی پی منصوبوں، کلک (CLICK) پروجیکٹس اور ایمرجنسی کاموں سے متعلق بریفنگ دی۔ فنانشل ایڈوائزر گلزار ابڑو نے بتایا کہ سندھ حکومت مطلوبہ فنڈز جاری کر چکی ہے، جس پر میئر نے کہا کہ ’’جب فنڈز دستیاب ہیں تو تاخیر کی کوئی وجہ نہیں۔‘‘
انہوں نے تنبیہ کی کہ کسی بھی افسر یا کنٹریکٹر کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام منصوبے 30 جون تک مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
سال 2025-26 کے لیے جون 2025 میں منظور کیے گئے 55.28 ارب روپے کے کے ایم سی بجٹ میں طبی و صحت خدمات، ترقیاتی منصوبوں، میونسپل سروسز اور ضلعی اے ڈی پی اسکیموں کے لیے نمایاں فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
میئر نے اسٹریٹ لائٹس کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کے عمل کو تیز کرنے کا بھی حکم دیا اور کہا کہ بارشوں سے متاثرہ تمام سڑکوں کی مرمت 15 دن میں ہر صورت مکمل کی جائے، بصورت دیگر ذمہ دار افراد کو عہدوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔
بیان کے مطابق میئر مرتضیٰ وہاب نے زور دیا کہ کراچی کی ترقی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔