کراچی (نمائندہ مقامی حکومت) کمشنر کراچی حسن نقوی نے بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صفائی بہتر بنانے، تجاوزات کے خاتمے اور پارکنگ کے مسائل حل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
انہوں نے نمائش، پٹیل پاڑہ، جہانگیر روڈ، لیاقت آباد، تین ہٹی اور کریم آباد سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ٹریفک مسائل، فٹ پاتھوں پر تجاوزات اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
کمشنر نے بارش کے بعد صورتحال سے نمٹنے پر متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہری مسائل کو فوری طور پر حل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ شہر کی انتظامیہ دیگر اداروں کے ساتھ مل کر شہری سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
دورے کے دوران انہوں نے کریم آباد انڈر پاس پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا، جس کے بارے میں انہیں بتایا گیا کہ بارش کے باعث کام متاثر ہوا تھا تاہم اب دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے اور جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
کمشنر نے تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ اور دیگر رکاوٹوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو ہدایت کی کہ فٹ پاتھوں اور سڑکوں سے ہر قسم کی تجاوزات کا بروقت خاتمہ یقینی بنایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو سکے۔
اس موقع پر ٹریفک پولیس حکام نے بھی کمشنر کو ان سڑکوں کے بارے میں آگاہ کیا جہاں غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے باعث ٹریفک مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔