خیبر پختونخوا میں جنگلات کے رقبے میں نمایاں اضافہ، وزیر اعلیٰ کا دعویٰ

پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں ماحولیات کے تحفظ اور جنگلات کے رقبے میں اضافے کے لیے جامع اور پائیدار اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے اسپرنگ ٹری پلانٹیشن مہم 2026 کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے تسلسل اور مستقل اقدامات کے باعث صوبے میں جنگلات کے رقبے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کا فروغ اور تحفظ پاکستان تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

تقریب وزیر اعلیٰ ہاؤس کے لان میں منعقد ہوئی، جہاں محمد سہیل آفریدی نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی اور دیگر چیلنجز کے پیش نظر جنگلات میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔ "درخت لگانا محض ایک وقتی مہم نہیں بلکہ اسے قومی عادت اور اجتماعی سوچ کا حصہ بنانا ہوگا تاکہ آنے والی نسلوں کو صاف، محفوظ اور سرسبز ماحول فراہم کیا جا سکے،” انہوں نے کہا۔

وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی تعاون کے بغیر کوئی بھی حکومتی منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا، لہٰذا تمام طبقات سے اپیل ہے کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ اسپرنگ شجرکاری مہم کے دوران 2 کروڑ سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان میں سے 1 کروڑ 83 لاکھ پودے اپ اسکیلنگ گرین پاکستان پروگرام کے تحت جبکہ 24 لاکھ 80 ہزار پودے بلین ٹری افارسٹیشن سپورٹ پروگرام کے تحت لگائے جائیں گے۔

حکام نے مزید بتایا کہ 23 مارچ کو ایک بڑے شجرکاری ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں ایک ہی دن میں 10 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

تقریب میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت مقررہ اہداف کو بروقت اور مؤثر انداز میں حاصل کریں گے، جبکہ نوجوانوں، طلبہ اور سول سوسائٹی کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شجرکاری کو قومی ذمہ داری کے طور پر فروغ دیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں