لاہور میں بلدیاتی انتخابات کے لیے نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری، یونین کونسلز کی تعداد 274 سے بڑھ کر 433 ہوگئی

لاہور: ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن لاہور نے بلدیاتی انتخابات کے لیے نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری کر دی ہے، جس کے تحت صوبائی دارالحکومت میں 159 نئی یونین کونسلز کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی حلقہ بندیوں کے بعد لاہور میں یونین کونسلز کی مجموعی تعداد 274 سے بڑھ کر 433 ہو گئی ہے۔

ابتدائی فہرست کے مطابق راوی ٹاؤن میں 52، شالیمار ٹاؤن میں 72، واہگہ ٹاؤن میں 25، ماڈل ٹاؤن میں 77، نشتر ٹاؤن میں 40، صدر کینٹ میں 29، رائے ونڈ سٹی میں 32، لاہور سٹی میں 69 اور علامہ اقبال ٹاؤن میں 37 یونین کونسلز قائم کی گئی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق شہری 23 جون تک مجوزہ حلقہ بندیوں پر اپنے اعتراضات اور تجاویز جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 10 اگست کو جاری کی جائے گی۔ نئی حلقہ بندیوں کا مقصد آبادی اور انتظامی ضروریات کے مطابق بلدیاتی نمائندگی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

متعلقہ خبریں