بلدیاتی انتخابات سے خوفزدہ (ن) لیگ پنجاب اور اسلام آباد میں الیکشن نہیں کرا رہی: سینیٹروقار مہدی

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سندھ کے جنرل سیکرٹری اور سینیٹر وقار مہدی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے مطالبے سے خوفزدہ دکھائی دیتی ہے۔

اپنے بیان میں وقار مہدی نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے دورِ حکومت میں دو مرتبہ بلدیاتی انتخابات کرا چکی ہے جبکہ 2027 میں تیسری بار بھی انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ سندھ کے بلدیاتی نظام پر تنقید کرتے ہیں، انہیں پہلے سندھ کے بلدیاتی قانون اور انتظامی ڈھانچے کا تفصیلی مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ وہ حقائق سے آگاہ ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے صرف پنجاب اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے، مگر اس مطالبے کے سامنے آتے ہی مسلم لیگ (ن) کی قیادت دفاعی پوزیشن اختیار کر گئی۔

وقار مہدی نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کو اپنی عوامی مقبولیت پر یقین ہے تو اسے بلدیاتی انتخابات سے خوفزدہ ہونے کے بجائے عوام کے سامنے جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری عمل میں وہی جماعت کامیاب ہوتی ہے جسے عوام کی حمایت حاصل ہو۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ کا بلدیاتی نظام مؤثر انداز میں عوامی خدمات انجام دے رہا ہے اور عوام کی جانب سے اسے پذیرائی بھی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی جماعت سندھ سے بہتر بلدیاتی قانون متعارف کرا سکتی ہے تو عوام خود اس کا اعتراف کریں گے۔

متعلقہ خبریں