حاصل پور (نمائندہ خصوصی) سرکل حاصل پور میں منشیات فروشی کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا ہے، جس کے نتیجے میں نوجوان نسل تیزی سے تباہی کی جانب بڑھ رہی ہے۔ چرس، آئس، شراب، اور پاؤڈر جیسے نشہ آور مواد اب گولی ٹافی کی طرح عام دستیاب ہیں۔ متعدد گھرانے برباد ہو چکے ہیں اور علاقے میں چوری، ڈکیتی، اور راہزنی کی وارداتوں میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مقامی پولیس کرائم کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، جبکہ بعض پولیس اہلکاروں پر منشیات فروشوں کی مبینہ سرپرستی کا الزام بھی لگایا جا رہا ہے۔سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب اور ڈی پی او بہاولپور سے فوری نوٹس لینے اور منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈی پی او بہاولپور کو متعدد بار منشیات فروشوں کی فہرستیں فراہم کی گئیں، مگر تاحال کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔عوامی حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ منشیات کے اس ناسور اور اس کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ علاقے کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے۔