پولیس اہلکار کے خلاف خاتون سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج
سرگودھا: ضلع خوشاب کے علاقے ساجد کالونی، محلہ اسلام پورہ میں ایک پولیس اہلکار کے خلاف خاتون سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون ’م‘ نے جوہرآباد سٹی تھانے میں درخواست دی، جس میں پولیس اہلکار ’س‘ پر زیادتی کا الزام عائد کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 376 کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کے ملزم کے ساتھ خاندانی تعلقات تھے۔ اس کے مطابق واقعے کے روز پولیس اہلکار اسے اپنی اہلیہ کی عیادت کے بہانے گھر لے گیا اور بتایا کہ اس کی بیوی بیمار ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ گھر پہنچنے پر وہاں کوئی موجود نہیں تھا، جس کے بعد ملزم نے رات بھر متعدد بار اس کے ساتھ زیادتی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے سلسلے میں متاثرہ خاتون کے میڈیکل اور ڈی این اے ٹیسٹ کرائے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملزم اس سے قبل تھانہ انچارج (ایس ایچ او) کے طور پر خدمات انجام دے چکا ہے، تاہم ناقص کارکردگی پر اسے پولیس لائن منتقل کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب ملزم نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ہیں اور خاتون اسے بلیک میل کر رہی ہے۔