پولیس ٹریننگ کالج ہنگو میں لوئر کالج کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

پشاور: ولیس ٹریننگ کالج ہنگو میں لوئر کالج کورس کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ آئی جی پی کی آمد پر کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ہنگو ڈی آئی جی رضوان منظور نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔تقریب میں کمشنر کوہاٹ ڈویژن معتصم باللہ، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عرفان طارق، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو خانزیب خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہنگو عبدالنصیر، ڈی او ایف سی مرزا علی خان، ایس پی انویسٹی گیشن ہنگو عبدالصمد خان سمیت دیگر اعلیٰ سول و پولیس افسران، کالج فیکلٹی اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔پاسنگ آؤٹ پریڈ میں مجموعی طور پر 1089 ٹرینیز تربیت مکمل کر کے فارغ التحصیل ہوئے، جن میں 1070 مرد اور 19 خواتین شامل ہیں۔ مہمانِ خصوصی کی آمد پر بگل بجا کر استقبال کیا گیا، جس کے بعد پریڈ کمانڈر انسپکٹر شفیق خان نے جنرل سلامی پیش کی۔ پریڈ کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، بعد ازاں آئی جی پی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور ریزرو انسپکٹر جمشید خان نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں سے تجدیدِ حلفِ وفاداری لی۔اس موقع پر کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ہنگو رضوان منظور نے آئی جی پی کو کالج میں جاری ترقیاتی منصوبوں، تربیتی سہولیات اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور سپاس نامہ پیش کیا۔اپنے خطاب میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج ہنگو ایک تاریخی اور اہم ادارہ ہے، جہاں سے تربیت یافتہ افسران اور جوان صوبے میں امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس اپنی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کے باعث عالمی سطح پر پہچانی جاتی ہے۔ زیرِ تربیت جوانوں کو جدید خطوط پر تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹ سکیں۔آئی جی پی نے کہا کہ پولیس فورس کو جدید اسلحہ، ٹیکنالوجی اور تربیتی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو بہترین سروس فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پشاور سمیت صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں سیف سٹی پراجیکٹ پر عمل درآمد جاری ہے، جس سے امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب حکمت عملی کے لیے پولیس اور عوام کے باہمی تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔تقریب کے دوران پاس آؤٹ ہونے والے ٹرینیز نے مختلف کمپنیوں کی شکل میں مارچ پاسٹ، ماس پی ٹی اور عملی مظاہرے پیش کیے، جن میں سیٹ ریپیلنگ، فائرنگ فارمیشنز اور ٹیکٹیکل مشقیں شامل تھیں۔ آئی جی پی نے جوانوں کی جسمانی فٹنس، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔بعد ازاں آئی جی پی خیبر پختونخوا نے کالج میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور سینئر لیڈیز افسران کے لیے نئی رہائشی بیرکس، کالج آرمری کی تزئین و آرائش اور پولیس کلب کی باؤنڈری وال مع سنتری پوسٹس کا افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نئے داخلی و خارجی گیٹس، ایمرجنسی گیٹس اور زیرِ تعمیر واچ ٹاورز کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔تقریب کے اختتام پر آئی جی پی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد دیں، جبکہ کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ہنگو نے آئی جی پی کو یادگاری شیلڈ اور سووینئر پیش کیا۔

متعلقہ خبریں