گوجرانوالہ بار ایسوسی ایشن کے عہدیدار پر ٹریفک ڈی ایس پی کو دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج
گوجرانوالہ: پولیس نے گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری حق نواز ہنجرا اور تین دیگر افراد کے خلاف ٹریفک ڈی ایس پی کو دھمکیاں دینے اور پولیس گاڑی کے شیشے توڑنے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
یہ مقدمہ گوجرانوالہ سیٹلائٹ پولیس میں ٹریفک ڈی ایس پی زیشن احمد کی رپورٹ پر درج کیا گیا۔ دوسری طرف قانونی برادری نے گوجرانوالہ ڈویژن میں آج پیر کو اس اقدام کے خلاف ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے اور ڈی بی اے دفتردار کے خلاف درج مقدمہ کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
اپنی شکایت میں ڈی ایس پی نے الزام عائد کیا کہ وہ 6 مئی کی شام سیٹلائٹ ٹاؤن کے دستگیر چوک کے قریب ڈیوٹی پر تھے کہ ٹریفک اہلکاروں نے جعلی نمبر پلیٹ لگانے پر ایک کار کو روکنے کا اشارہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیور نے مشکل سے گاڑی روکی اور جب اسے خلاف ورزی بتائی گئی تو وہ گالیاں اور دھمکیاں دینے لگا، اہلکاروں کے ساتھ بدسلوکی کی اور ڈی ایس پی کے چہرے پر 5 ہزار روپے کا نوٹ پھینک دیا۔
ڈی ایس پی نے مزید الزام عائد کیا کہ جب وہ اپنی سرکاری گاڑی میں بیٹھے تھے تو ڈرائیور نے کسی کو فون کیا۔ اس دوران ایک شخص جو بعد میں حق نواز ہنجرا کے نام سے شناخت ہوا، دو نامعلوم افراد کے ہمراہ وہاں پہنچ گیا اور انہیں دھمکیاں دینے لگا۔ انہوں نے گاڑی کا شیشہ بھی توڑ دیا۔
دوسری طرف گوجرانوالہ بار ایسوسی ایشن نے ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور ایک سینئر وکیل کے ساتھ بدسلوکی کرنے پر ڈی ایس پی کی فوری تبادلے کا مطا لبہ کیا ہے۔