ہم جو کہتے ہیں کرکے دکھاتے ہیں، مریم نواز، کابینہ میں بجلی سستی کرنے ،ایئر پنجاب بنانے سمیت درجنوں پروگرام منظور

لاہور (نمائندہ مقامی حکومت ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے26 ویں اجلاس میں 101 ایجنڈا پوائنٹس پر غور کیا گیا، وزیراعلیٰ نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے پنجاب کی پاور کمپنیوں کا ٹیرف کم کرنے کی منظوری دے دی، پنجاب رضاکارانہ طور پر بجلی کے نرخ کم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے ، ٹیرف میں 30سے40فیصد تک کمی ہوسکے گی۔ صوبائی کابینہ نے قائد اعظم تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ اور پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے ٹیرف میں کمی کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوگ پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کرتے ہیں، ہم جو کہتے ہیں کرکے دکھاتے ہیں۔صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سمبڑیال کا ضمنی الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبائی وزیر ذیشان رفیق اور معاون خصوصی ذیشان ملک کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے لیہ میں ہسپتال اور روڈز کی بہتری پر وزیر صحت، وزیر مواصلات اور سیکرٹریز کو شاباش دی ، لیہ میں میڈیکل کالج کے قیام کے لئے ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو 400ملین روپے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی۔ پی جے ایچ ایف، لاہور پریس کلب ہاؤسنگ سکیم فیز II کی اراضی کیلئے روڈا کو ادائیگی ہوگی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کو بہت بڑا پیکج دینے جارہے ہیں ۔ کابینہ نے چیف منسٹر ویٹ پروگرام 2025، پنجاب کی پہلی ”ایئر پنجاب پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی“کے قیام کی منظوری دی ، وزیراعلیٰ نے سال کے اندر ایئر پنجاب شروع کرنے کا ٹارگٹ دے دیا۔ ویپنگ (Vaping) سنٹر بند کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔ مزدوروں اور کارکنوں کے لئے”سیفٹی گیئر“ یقینی بنانے کا حکم دیا۔ کابینہ نے لیبر ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹرڈ ورکرز اور کان کنوں کے لئے راشن کارڈ ،نو ڈویژنز میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی ،چارجنگ سٹیشن قائم کرنے، پنجاب آٹزم سکول اینڈ ریسورس سنٹر لاہور ایکٹ 2025ء ،نوازشریف میڈیکل سٹی قائم کرنے کیلئے اراضی کی منتقلی کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے 40ارب روپے سے تمام سکولوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کا ہدف دے دیا۔لاہور میں 1100بلاسود الیکٹرک ٹیکسی کی فراہمی ، پنجاب کی پہلی چائلڈ پروٹیکشن پالیسی ، ایکو ٹورازم کے پراجیکٹ ، فلور ملوں اور فوڈ گرینز لائسنس ہولڈرز کی معاون کے لئے 100ارب روپے چیف منسٹر پنجاب سپیشل فنانسنگ فیسلیٹی ، الیکٹرانک ویئر ہاؤس ریسیٹ سسٹم (EWR)کے نفاذ ، تحصیلداروں اور نائب تحصیلداروں کو سب رجسٹرار کے اختیارات تفویض کرنے کی تجویز ، پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ایکٹ 2023 ء کے تحت قائم کی جانے والی ایجنسیوں کی تشکیل،پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن ،محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کے افسران/اہلکاران اور مخبروں کے لئے انعامی نظام ، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سروسز بل،پنجاب ڈیفائنڈ کنٹریبیوشن پنشن سکیم کے نفاذ اور پنشن فنڈ منیجر معاہدے ، پنجاب سبسیڈری ٹریژری رولز میں ترامیم ، ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ تقرری یا ملازمت کی صورت میں پنشن،گرانٹ اِن ایڈ پالیسی 2025ء کے تحت تجاویز کے جائزے کے لئے کابینہ کمیٹی کی تشکیل،عالمی بینک کی معاونت سے چلنے والے منصوبے پنجاب کلین ایئر پروگرام (PCAP) ، محکمہ زراعت اور گرین کارپوریٹ انیشی ایٹوز (GCI) کے درمیان ماڈل ایگریکلچر مالز کے قیام کے معاہدے اور ”سیف جیلز پنجاب“اقدام کی منظوری دی گئی۔

#LocalGovernment #Cities #UrbanDevelopment #Water #UrbanMobility #Crime

متعلقہ خبریں