پنجاب حکومت کا نیا اقدام: صفائی بل اور کچرا پھینکنے پر بھاری جرمانے
رہائشی و کمرشل پراپرٹی مالکان کو اگلے ماہ صفائی کے بل جاری ہوں گے
ہور: پنجاب کے پوش علاقوں کے رہائشی اور دکاندار یکم ستمبر سے صفائی کے بل وصول کرنا شروع کردیں گے۔ ان علاقوں کو بعدازاں ’زیرو ویسٹ‘ زون قرار دیا جائے گا اور کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں پر جرمانے بھی عائد ہوں گے۔
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے چیف ایگزیکٹو بابر صاحب دین نے بتایا کہ گلبرگ، جوہر ٹاؤن، مسلم ٹاؤن، نیو مسلم ٹاؤن، شادمان، فیصل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، اپر مال اسکیم اور کینال روڈ، مال روڈ اور جیل روڈ سے متصل علاقوں کے رہائشی و کمرشل پراپرٹی مالکان کو اگلے ماہ صفائی کے بل جاری ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیاں اس نظام سے مستثنیٰ ہوں گی کیونکہ ان کے اپنے کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے انتظامات موجود ہیں۔ “یہ فیصلہ کافی عرصے سے زیرِ غور تھا، اور بالآخر حکومت نے صفائی فیس لاگو کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے،” انہوں نے مزید کہا۔
ایل ڈبلیو ایم سی کے ترجمان کے مطابق جو افراد اپنے بل ادا نہیں کریں گے ان کی کوڑا کرکٹ اٹھانے کی سروس دو ماہ بعد معطل کردی جائے گی۔ اس کے علاوہ غیرقانونی طور پر کچرا پھینکنے والوں پر بھاری جرمانے عائد ہوں گے اور ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج ہوسکتی ہے۔
فیس کی کیٹیگریز کے مطابق پانچ مرلہ مکان پر ماہانہ 300 روپے، 10 مرلہ تک کے گھروں پر 500 روپے، جبکہ ایک کنال اور اس سے بڑے گھروں کے لیے 1,000 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ کمرشل مقامات کے لیے یہ فیس کاروبار کی نوعیت اور حجم کے لحاظ سے 500 روپے سے 3,000 روپے تک ہوگی۔ دیہی علاقوں کے گھروں کے لیے 200 روپے فیس تجویز کی گئی ہے۔
بابر صاحب دین نے کہا کہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، ساہیوال، فیصل آباد اور سرگودھا کے پوش علاقوں میں بھی جلد ہی یہ بل جاری کردیے جائیں گے اور ان علاقوں کو بھی زیرو ویسٹ زون قرار دیا جائے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ انفورسمنٹ انسپکٹرز اور ان کی ٹیمیں جلد ہی ان علاقوں کا دورہ شروع کریں گی اور اگر کسی کوڑا پھینکتے ہوئے پایا گیا تو فوری طور پر جرمانہ عائد کردیا جائے گا۔ ان کے مطابق اس نظام کا مقصد صرف کوڑا کرکٹ کے نظام کو پائیدار بنانا نہیں بلکہ عوام میں صفائی کے حوالے سے ذمہ داری اور احساسِ ملکیت کو بھی اجاگر کرنا ہے۔