رحیم یار خان: کھلے مین ہول میں گرنے سے کمسن بچی جاں بحق
یہ واقعہ گزشتہ دو ماہ میں اپنی نوعیت کا تیسرا حادثہ ہے۔
رحیم یار خان: اسلامیہ کالونی میں کھلے مین ہول میں گرنے سے ایک کمسن بچی جاں بحق ہو گئی۔ یہ افسوسناک واقعہ جمعہ کی شب پیش آیا جب دو سالہ بچی ملیکہ گلی میں کھیلتے ہوئے مین ہول میں جا گری۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اس مین ہول کا ڈھکن کافی عرصے سے غائب تھا اور انتظامیہ نے بارہا توجہ دلانے کے باوجود کوئی اقدام نہیں کیا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ضلع کے سیوریج اور واٹر سپلائی کا نظام میونسپل کمیٹی سے واسا کے حوالے کیا گیا تھا۔ میونسپل کمیٹی کے ایک ذرائع نے بتایا کہ پانچ ملین روپے کے مین ہول کورز کے لیے کچھ عرصہ پہلے ٹینڈر جاری کیا گیا تھا مگر عملی طور پر کچھ نہیں کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے متاثرہ خاندان سے تعزیت کی اور تین دن میں ذمہ داری طے کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ تاہم ایڈمنسٹریٹر ایم سی اے ڈی سی جی عرفان انور، چیف میونسپل آفیسر رانا محمود احمد اور سب انجینئر کامران سے مؤقف لینے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
ایم ڈی واسا رحیم یار خان، شعیب فیاض کا کہنا تھا کہ مین ہول کورز لگانا دراصل میونسپل کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی وسائل کی کمی کے باعث یہ مسائل حل نہیں ہو سکے، لیکن مستقبل میں واسا اس پر نظر رکھے گی۔
یہ واقعہ گزشتہ دو ماہ میں اپنی نوعیت کا تیسرا حادثہ ہے۔ اس سے قبل نیازی کالونی میں ایک بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ ایک اور بچے کو مقامی افراد نے بچا لیا تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کمسن ملیکہ کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سانحے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کمشنر بہاولپور سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔