پنجاب کے14 اضلاع میں واسا کے لیے پانی و سیوریج کے منصوبے تیار کرنے کا فیصلہ

لاہور: حکومت نے صوبے کے 14 اضلاع میں نئی قائم ہونے والی واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسیوں (واساز) کے لیے پانی کی فراہمی اور سیوریج کے منصوبے تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا بنیادی مقصد شہری سیلاب، بارش اور گندے پانی کے جمع ہونے کے مسائل پر قابو پانا، بروقت نکاسی، بڑھتی ہوئی شہری آبادی کے چیلنجز اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنا ہے۔

ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ نے، جو پنجاب میں واسا کا بنیادی محکمـہ ہے، مقامی حکومت و کمیونٹی ڈویلپمنٹ (ایل جی اینڈ سی ڈی) ڈپارٹمنٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (ماسٹر پلاننگ) کی خدمات فراہم کرے تاکہ اضلاع کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا سکے۔

محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے 26 ستمبر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ شہری سیلاب، موسمیاتی خطرات اور پائیدار سروس کی فراہمی کے تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے یہ منصوبے فوری نوعیت کے ہیں۔

ان اضلاع میں سیالکوٹ، گوجرات، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، بہاولپور، ساہیوال، حافظ آباد، جہلم، رحیم یار خان، جھنگ، اوکاڑہ، شیخوپورہ، مری اور ننکانہ صاحب شامل ہیں۔

منصوبوں میں موجودہ انفراسٹرکچر کا جامع جائزہ، سروس ڈلیوری میں موجود خلا کی نشاندہی، موجودہ اور آئندہ شہری ضروریات کا تخمینہ، سرمایہ کاری کی ضرورت، مرحلہ وار حکمت عملی اور ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافے کی تجاویز شامل ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق منصوبے پرانے اور بوسیدہ سیوریج اور پانی کی فراہمی کی لائنوں کی تبدیلی، ڈسپوزل اسٹیشنز کی مرمت یا اپ گریڈیشن، اور دیگر ضروری اقدامات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔

دریں اثناء، حکومت نے لاہور کے "تھیم پارک ہاؤسنگ اسکیم” میں بارش کے پانی کی نکاسی پر آنے والے اخراجات اسکیم کی انتظامیہ یا ڈویلپرز سے وصول کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مزید برآں، ڈپٹی کمشنر لاہور کو ڈویلپر خوشی محمد کے تمام اثاثے ضبط کرنے اور گھروں کا حفاظتی سروے جلد مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق تھیم پارک کی ناہموار زمین کے باعث نکاسی کے کام میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم مشینری اور عملہ مسلسل مصروف عمل ہے تاکہ متاثرہ افراد کی مشکلات کم کی جا سکیں۔

متعلقہ خبریں