پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے لیے ضروری اقدامات مکمل کرے، چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت
اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی آئینی ذمہ داری فوری طور پر پوری کی جائے۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں الیکشن کمیشن کے حکام اور پنجاب حکومت کے نمائندوں نے شرکت کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے پنجاب حکومت حلقہ بندی کے لیے درکار رولز، ڈیٹا اور نقشے جلد از جلد الیکشن کمیشن کو فراہم کرے۔
اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ درجہ بندی کے نوٹیفکیشن 22 دسمبر، یونین کونسلز کی تعداد کے نوٹیفکیشن 31 دسمبرتک جاری کر دیے جائیں گے، جبکہ ٹاؤنز، میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیوں اور تحصیل کونسلز کے نقشے 10 جنوری تک فراہم کیے جائیں گے۔