کارکردگی میں لودھراں سرفہرست، چنیوٹ نے دوسری پوزیشن حاصل کر لی
چنیوٹ: پنجاب کے اضلاع کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے مقرر کردہ کلیدی کارکردگی اشاریوں (Key Performance Indicators) کی نومبر 2025 کی درجہ بندی جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق ضلع چنیوٹ نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ درجہ بندی کے مطابق لودھراں 96.29 نمبروں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ چنیوٹ نے 94.78 اسکور حاصل کر کے دوسری اور بہاولنگر نے 94.52 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پنجاب حکومت مختلف محکموں، جن میں ریونیو، پولیس، تعلیم اور صحت شامل ہیں، میں کے پی آئیز کے ذریعے کارکردگی اور عوامی خدمات کی فراہمی کا جائزہ لیتی ہے۔ ان اشاریوں میں شہریوں کی اطمینان، ریونیو کی وصولی، صفائی، امن و امان، ایف آئی آرز اور شکایات کا ازالہ، ٹیکس فائلنگ اور لینڈ ریکارڈ خدمات کی فراہمی کے اوقات شامل ہیں۔ ان نتائج کی بنیاد پر افسران کی ترقی یا کارروائی بھی عمل میں لائی جاتی ہے، جس کا مقصد شفافیت اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حکمرانی کو جدید بنانا ہے۔
کے پی آئیز کے تحت ریونیو و انتظامی امور، پولیس کارکردگی، ضلعی و شہری نظم و نسق، صفائی، پرائس کنٹرول، تعلیمی و صحت کے اداروں کے معائنے، پارکس، سڑکوں اور گرین بیلٹس کی دیکھ بھال، کھلے مین ہولز، کچرے کے ڈھیروں اور تجاوزات کے خلاف کارروائی، نیز تعلیمی معیار اور اساتذہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
نومبر کی درجہ بندی میں نیا قائم ہونے والا ضلع تونسہ 64.45 اسکور کے ساتھ 41 اضلاع میں آخری نمبر پر رہا، جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور 74.89 نمبروں کے ساتھ نچلے درجے سے تیسری پوزیشن پر رہا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ اشفاق رسول نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر کے پی آئیز کے تحت 100 فیصد اہداف حاصل کر رہی ہے، جس کا نتیجہ درجہ بندی میں نمایاں کارکردگی کی صورت میں سامنے آیا ہے۔