وزیراعلیٰ مریم نوازکی ہدایت پرسرگودھا میں صفائی، سیوریج اور بیوٹیفکیشن کے لئے ہنگامی اقدامات
سرگودھا(نمائندہ مقامی حکومت) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر صوبائی مشیر شعیب مرزا سرگودھا پہنچے اور کمشنرآفس میں ہنگامی اجلاس میں شرکت کی-اجلاس میں صفائی اور سیوریج مسائل کے حل کے لیے تین دن کی ڈیڈ لائن مقررکردی گئی-اجلاس میں واسا کو شہر بھر میں کھڑا پانی فوری نکالنے کی ہدایت کی اورستھرا پنجاب کے تحت اضافی مشینری فیلڈ میں اتارنے کا حکم دیا گیا-مزیدسڑکوں،بازاروں اور گلیوں کی مکمل صفائی اور دھلائی کی ہدایت کی-سکولوں کے سامنے زیبراکراسنگ اور ٹریفک سیفٹی اقدامات فوری مکمل کرنے کا حکم دیاگیا اوردیہی علاقوں میں جوہڑوں اور کھڑے پانی کے مستقل حل اور پارکس، گرین بیلٹس اور میڈینز کی فوری بہتری کا حکم دیاہے-اجلاس میں سٹریٹ لائٹس کی بحالی اورتجاوزات کے خاتمے کے لئے بلا امتیاز کارروائی کا فیصلہ کیا-اجلاس میں واضح کیا گیا کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی-عید تک سرگودھا کو صفائی اور بیوٹیفکیشن کے حوالے سے مثالی شہر بنانے کا ہدف مقرر کردیاگیا-تین دن بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کو پیشرفت پر رپورٹ پیش کی جائے گی-اجلاس میں کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی، ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری، ایڈیشنل کمشنر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ایم ڈی واسا، سی ای او سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل،پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی، ہائی ویز اور لوکل گورنمنٹ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔