گوجرانوالہ میونسپل کارپوریشن کے چیف آفیسر حیدر علی چٹھہ اینٹی کرپشن کے ہاتھوں گرفتار
گوجرانوالہ: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے گوجرانوالہ میونسپل کارپوریشن کے چیف آفیسر حیدر علی چٹھہ کو عہدے سے تبادلے کے 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق گرفتاری جمعرات کی شب اس وقت عمل میں لائی گئی جب وہ گوجرانوالہ کینٹ کے قریب ڈی سی کالونی سے باہر نکل رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مختلف الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں مبینہ طور پر ترقیاتی منصوبوں اور دیگر سرکاری اخراجات میں بے ضابطگیوں کے ذریعے صوبائی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانا شامل ہے۔ الزام ہے کہ انہوں نے 2022 میں بطور چیف آفیسر ضلع کونسل حافظ آباد تعیناتی کے دوران اُس وقت کے ڈپٹی کمشنر حافظ آباد، جو ضلع کونسل کے ایڈمنسٹریٹر بھی تھے، کے جعلی دستخط استعمال کیے۔
ملزم کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 420، 468، 471، 409 اور انسدادِ بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 5/2/47 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس کیس میں ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عمر فاروق مدعی ہیں اور مقدمہ گوجرانوالہ اے سی ای ہیڈکوارٹر میں درج کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حیدر علی چٹھہ کے خلاف مزید مقدمات بھی درج کیے جانے کا امکان ہے کیونکہ ترقیاتی اسکیموں میں مبینہ کرپشن اور گوجرانوالہ کے مختلف کمرشل علاقوں میں جی ایم سی کی ملکیت درجنوں دکانوں اور عمارتوں کی لیز میں سنگین بے ضابطگیوں کے حوالے سے انکوائریاں جاری ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اے سی ای کے سینئر افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم اس معاملے کی تحقیقات کر رہی تھی۔
یاد رہے کہ 28 جنوری کو محکمہ بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب نے حیدر علی چٹھہ کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں لوکل گورنمنٹ بورڈ لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی، جبکہ بی ایس 19 کے افسر احمد بلال مخدوم کو فوری طور پر جی ایم سی کا نیا چیف آفیسر تعینات کر دیا گیا تھا۔
ادھر نومبر گزشتہ میں گجرات میونسپل کارپوریشن کے چیف آفیسر خالق داد گڑا کو بھی گوجرانوالہ اے سی ای نے دو مختلف مقدمات میں کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور ترقیاتی منصوبوں میں بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) کا اضافی چارج ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیومن ریسورس) شبیر بٹ کو سونپ دیا ہے، جبکہ سابق ایم ڈی اکرام اللہ چوہدری کو ضلع کے حکومتی اراکین اسمبلی کی شکایات پر عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔