وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن 2030 کے تحت پاکستان کی پہلی سرکاری ای ٹیکسی اسکیم لانچ

لاہور(نمائندہ مقامی حکومت) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں “ویژن ٹرانسپورٹ 2030” کے تحت صوبے میں سرکاری سرپرستی میں ای ٹیکسی اسکیم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اب تک 1100 ای ٹیکسیاں لانچ کی جا چکی ہیں، جبکہ 40 ای ٹیکسیاں آج فراہم کی گئی ہیں جو اگلے 48 گھنٹوں میں لاہور اور دیگر شہروں کی سڑکوں پر نظر آئیں گی۔وزیراعلیٰ کے مطابق یہ ای ٹیکسیاں جدید، معیاری اور باعزت سفری سہولت فراہم کریں گی، وہ معیار جو خلیجی اور یورپی ممالک میں دیکھا جاتا ہے اب پنجاب میں بھی دستیاب ہوگا۔ یہ ٹیکسیاں ماحول دوست ہیں اور کم آلودگی پیدا کرتی ہیں، جو سموگ جیسے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔حکومت پنجاب نے اس منصوبے کے لیے 4 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 1100 ماحول دوست اور کم لاگت گاڑیاں تقسیم کی جا رہی ہیں۔ اسکیم کے تحت چارجنگ سہولت، گاڑیوں میں ہنگامی صورتحال کے لیے “پینک بٹن” جو 15 پر براہِ راست منسلک ہوگا، جبکہ خواتین کے لیے 30 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔یہ اسکیم بلاسود بنیادوں پر متعارف کرائی گئی ہے، جس میں حکومت مردوں کے لیے 50 فیصد اور خواتین کے لیے 60 فیصد ڈاؤن پیمنٹ ادا کرے گی، جبکہ رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس بھی حکومت برداشت کرے گی۔ خواتین مستفید ہونے والوں کو مردوں کے مقابلے میں 10 فیصد اضافی سبسڈی دی جائے گی۔ ہر ای ٹیکسی ایک بار چارج کرنے پر تقریباً 300 کلومیٹر تک سفر کر سکے گی۔حکومت کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کی پہلی سرکاری سرپرستی میں ای ٹیکسی اسکیم ہے، جس کا مقصد ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں