کراچی: سندھ حکومت نے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کے سلسلے میں ای بس سروس کا ایک اور روٹ متعارف کرا دیا ہے، جو گلشنِ معمار سے ٹاور تک چلایا جائے گا۔ اس حوالے سے منگل کے روز ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں صوبائی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر سلمان مراد، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شاہدہ رحمانی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گلشنِ معمار کے رہائشیوں کو اس نئی الیکٹرک بس سروس سے نمایاں فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ای وی بسوں کا حصول آسان نہیں تھا، ابتدائی طور پر بسیں بندرگاہ پر روک لی گئی تھیں اور دیگر کے مقابلے میں سندھ حکومت کو ایک فیصد کے بجائے 18 فیصد ٹیکس ادا کرنا پڑا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت نے پاکستان میں پہلی بار خواتین کے لیے مخصوص پنک بس سروس اور پنک اسکوٹیز بھی متعارف کروائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر رہی ہے اور یہ تمام اقدامات آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور اور سندھ حکومت کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ ملک اس وقت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے اور مسلح افواج دشمن کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے ملک کے دفاع کو مضبوط بنایا۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں بڑے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جن میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، پانی کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت معیاری اور مفت طبی سہولیات بھی فراہم کر رہی ہے جو ملک کے دیگر حصوں میں دستیاب نہیں۔اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ شاہراہِ بھٹو کو 30 اپریل کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا جبکہ اس پر دن رات کام جاری ہے۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی جب وعدہ کرتی ہے تو اسے پورا بھی کرتی ہے اور عوام کے مینڈیٹ کے مطابق کام جاری رکھا جائے گا۔رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے گلشنِ معمار کے مکینوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ علاقے کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ مسائل کا حل عوام کی بڑی ضرورت تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں 20 بستروں پر مشتمل اسپتال بھی تعمیر کیا گیا ہے جس کا افتتاح عید کے بعد کیا جائے گا۔