ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت ہارون آباد ایک مثالی شہر کے طور پر ابھرے گا:کمشنر بہاولپورڈاکٹر مسرت جبیں

چشتیاں (نمائندہ مقامی حکومت) کمشنر بہاولپور ڈویژن ڈاکٹر مسرت جبیں نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب منصوبہ کے تحت شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور عوامی اطمینان کی سطح کو اولین ترجیح دی جائے۔انہوں نے ہارون آباد میں ”ستھرا پنجاب پروجیکٹ” کے تحت صفائی، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی سہولیات کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے موقع پر ضلعی و تحصیل افسران کو ہدایات دیتے ہوئے صفائی کی بہتری کے لیے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ ”ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت ہارون آباد ایک مثالی شہر کے طور پر ابھرے گا۔ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد نے کمشنر بہاولپور کو بتایا کہ ہارون آباد میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، اور روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا گیا ہے۔بعد ازاں کمشنر بہاولپور نے تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال ہارون آباد کے دورہ کے موقع پر علاج معالجہ، صفائی، ادویات کی فراہمی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیااورہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، لیبر روم، فارمیسی اور لیبارٹری کا معائنہ کیا اور مریضوں سے براہِ راست ملاقات کر کے ان سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کیا جائے اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اور ہسپتالوں کی کارکردگی کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔سی ای او ہیلتھ بہاولنگر ڈاکٹر شوکت علی وٹو نے کمشنر بہاولپور کو ہسپتال کی کارکردگی، سہولیات، عملے کی حاضری اور دستیاب ادویات کے بارے میں بریفنگ دی۔کمشنر بہاولپور کو ہارون آباد میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے پانی کی فراہمی، نکاسی آب، صحت، تعلیم، صفائی، مہنگائی اور دیگر عوامی مسائل سے متعلق شکایات پیش کیں۔ کمشنر نے موقع پر ہی متعدد مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کیے اور کہا کہ حکومت پنجاب عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوامی مسائل کو براہِ راست سن کر فوری ریلیف فراہم کرنا ہے، اور اس سلسلے کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جام آفتاب احمد، اسسٹنٹ کمشنر ہارون آباد، اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔کمشنر نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں، سکولوں، سڑکوں، اور صحت کے مراکز کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں تاکہ عوام ان کے ثمرات جلد از جلد حاصل کر سکیں

متعلقہ خبریں