لوہی کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینا تاریخی قدم ہے: جاوید جمالی
حب (نمائندہ مقامی حکومت) چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل حب، جاوید جمالی نے کہا ہے کہ لوہی کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینا ایک خوش آئند اور تاریخی اقدام ہے، جس نے علاقے کے عوام کی دیرینہ خواہش پوری کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے ترجمان اور صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری کی جانب سے اس فیصلے کی منظوری، لوہی اور دریجی کے عوام کے دل جیتنے کے مترادف ہے۔
جاوید جمالی کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے نہ صرف علاقے میں ترقیاتی عمل کا آغاز ہو گا بلکہ لوہی کو باقاعدہ شہری حیثیت ملنے سے بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ بجٹ میں میر علی حسن زہری تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی لوہی کے عوام کے لیے خوشخبریاں لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لوہی کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے کا فیصلہ ان کی بطور ڈسٹرکٹ چیئرمین دی گئی تجویز پر غور کے بعد کیا گیا، جس پر وہ حکومت بلوچستان اور وزیر زراعت میر علی حسن زہری کے بے حد مشکور ہیں۔ جاوید جمالی نے امید ظاہر کی کہ ٹاؤن کا درجہ ملنے کے بعد لوہی کے باسیوں کو ترقیاتی منصوبوں میں براہِ راست شامل ہونے کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے۔