چشتیاں شریف: عیدالاضحیٰ 2025 کے لیے انتظامات مکمل، سیکیورٹی و صفائی کے جامع پلان پر عملدرآمد جاری
چشتیاں شریف: عیدالاضحیٰ 2025 کے سلسلے میں تحصیل انتظامیہ نے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے قائم مویشی منڈیوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے، جب کہ نوسربازوں، ٹھگوں اور بدعنوانی کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر ساحل رسول چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صفائی، نکاسی آب، سیکیورٹی، ٹریفک پلان، ویٹرنری سہولیات اور عوامی آگاہی مہمات کے حوالے سے مکمل تیاری کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام محکمے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں اور عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی ایس پی چوہدری اکمل بسرا نے عید کے لیے جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے تاکہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی ستھرائی کے عمل میں تحصیل انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔ساحل رسول چیمہ نے مزید بتایا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے مکمل پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں آلائشیں جمع کرنے کے لیے باکٹس رکھی جائیں گی، جب کہ تحصیل بھر میں آلائشیں محفوظ انداز میں رکھنے کے لیے شاپر بیگ مفت فراہم کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے متعدد مقامات پر آگاہی کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جہاں سے شہری شاپر بیگ حاصل کر سکتے ہیں۔شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ آلائشیں شاپر میں ڈال کر اپنے گھر کے سامنے رکھیں، جنہیں تحصیل انتظامیہ مقررہ وقت پر اٹھا لے گی۔