تھانہ صدر چشتیاں میں رشوت ستانی اور ناجائز مقدمات کی شکایات میں اضافہ
چشتیاں: ماڈل تھانہ صدر چشتیاں میں پولیس افسران کی مبینہ رشوت ستانی اور ناجائز مقدمات درج کرنے کی شکایات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق تھانہ میں تعینات افسران رشوت نہ ملنے پر غریب اور دیہاتی افراد کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا رہے ہیں۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ مقامی ایس ایچ او اپنے ڈسٹرکٹ آفیسر کے احکامات کی بھی پرواہ نہیں کرتا ۔ ایک حالیہ واقعہ میں ایک بوڑھی خاتون کے ساتھ بھی یہی رویہ اپنایا گیا جہاں ان کے پیسے الزام علیہ سے دلوانے کے بجائے مبینہ طور پر رشوت لے کر خاتون کو ذلیل و خوار کیا گیا۔
ایک حالیہ واقعے میں ایک سب انسپکٹر پر مبینہ طور پر 10 ہزار روپے رشوت نہ ملنے پر ایک دیہاتی کے خلاف ناجائز اسلحہ کا جھوٹا مقدمہ درج کرنے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ تھانہ صدر چشتیاں کے ایس ایچ او اور دیگر افسران کی بے لگامی نے عوام میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ متاثرین نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور آر پی او بہاولپور سے فوری نوٹس لے کر ملزم افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
شہری تنظیموں اور صحافتی حلقوں نے بھی اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تھانہ صدر چشتیاں میں اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔