حاصل پور: واٹر فلٹریشن پلانٹ کا سامان چوری، عوام پانی کو ترس گئے

حاصل پور اولڈ کے علاقہ بشیرا روڈ چونگی پارک میں نصب فعال واٹر فلٹریشن پلانٹ کو اچانک بند کر دیا گیا ہے، جب کہ اطلاعات کے مطابق اس پلانٹ کا اہم سامان نکال کر کسی دوسرے فلٹریشن پلانٹ پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف چوری اور سازش ہے بلکہ عوام دشمنی کی بدترین مثال بھی ہے۔

شدید گرمی، پانی کی قلت اور عید قربان جیسے اہم موقع پر شہریوں کو پانی کی بوند بوند کو ترسانا انتظامیہ کی بے حسی اور سیاسی پشت پناہی کی طرف واضح اشارہ ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر فلٹریشن پلانٹ بند کرنا عام لوگوں کے بنیادی حق — صاف پانی — پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔

شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ، کمشنر بہاول پور اور ڈپٹی کمشنر بہاول پور سے مطالبہ کیا ہے کہ بشیرا روڈ فلٹریشن پلانٹ کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور اس گھناؤنی چوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور مستقبل میں اس طرح کی عوام دشمن کارروائیوں کا سدباب کیا جا سکے۔

شہریوں نے اس واقعے پر سخت احتجاج کا عندیہ بھی دیا ہے اگر فوری طور پر نوٹس نہ لیا گیا۔

متعلقہ خبریں