کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ورلڈ بینک کے اشتراک سے شہر بھر میں پانی کے معیار کی جانچ مہم کا آغاز

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پراجیکٹ نے ورلڈ بینک کے تعاون سے شہر بھر میں پانی کے معیار کی جانچ کی ایک جامع مہم کا آغاز کیا ہے۔ یہ مہم ادارے کے "پروجیکٹ ڈیولپمنٹ آبجیکٹیو – 1 (PDO-1)” کے تحت شروع کی گئی ہے جس کا مقصد کراچی کے شہریوں کو صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا اور عوامی صحت کے تحفظ کو فروغ دینا ہے۔

یہ مہم یکم جولائی 2025 سے شروع ہو کر 24 جولائی 2025 تک جاری رہی۔ اس دوران KW&SC کی قیادت میں شہر کے مختلف اہم مقامات سے پانی کے 177 نمونے حاصل کیے گئے جن میں پمپنگ اسٹیشنز، ریزروائرز اور فلٹریشن پلانٹس شامل تھے۔ نمونوں کے حصول اور جانچ کے عمل کی نگرانی سینئر افسران اور چیف کیمسٹ نے خود کی تاکہ درستگی، شفافیت اور ڈیٹا کی معیاری ریکارڈنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس مہم کے اہم مقاصد میں پانی میں آلودگی کے ذرائع کی نشاندہی اور ان کا تدارک، شہر کے مختلف علاقوں سے معیارِ آب کا بنیادی ڈیٹا مرتب کرنا، شفاف نگرانی کو فروغ دینا، اور مستقبل کی بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے لیے سائنسی بنیادوں پر فیصلے کرنا شامل ہیں۔

اس مہم میں جدید ٹیکنالوجی، جیسے ریئل ٹائم ڈیجیٹل ٹریکنگ سسٹمز اور جدید ٹیسٹنگ آلات کا استعمال کیا گیا، جس سے پانی کی فوری جانچ اور درست رپورٹنگ کو ممکن بنایا گیا۔ یہ اقدامات کراچی جیسے بڑے اور پیچیدہ شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت کی نمائندگی کرتے ہیں جہاں بوسیدہ نظام، آبادی میں اضافہ اور ماحولیاتی مسائل پانی کی آلودگی کا باعث بن رہے ہیں۔

اس مہم کے ذریعے نہ صرف موجودہ پانی کے معیار کی جانچ کی جا رہی ہے بلکہ KW&SC نے مستقبل میں پانی کے نظام کی مکمل اصلاح اور جدید بنانے کا بھی عزم ظاہر کیا ہے۔ ان اہداف میں پائیدار طریقہ کار کو پانی کی صفائی اور تقسیم کے نظام میں شامل کرنا، ڈیجیٹل نگرانی کے دائرہ کار کو بڑھانا، ادارے کی تکنیکی صلاحیت کو مضبوط بنانا، اور عوام میں پانی کی حفاظت سے متعلق شعور بیدار کرنا شامل ہے۔

ورلڈ بینک کے ساتھ KW&SC کی شراکت داری اس مہم کی کامیابی کا ایک اہم پہلو ہے، جو کراچی میں شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور پائیدار شہری ترقی کے لیے ادارے کی سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہے۔

KW&SC کے سی ای او، جناب احمد علی صدیقی نے اس مہم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا:

"کراچی کے ہر گھر تک محفوظ اور صاف پانی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ یہ مہم صرف پانی کی جانچ تک محدود نہیں بلکہ پورے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ایک جامع کوشش ہے۔ ہم عوامی صحت کے تحفظ اور معیاری خدمات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں۔”

یہ مہم نہ صرف صحت عامہ پر مثبت اثرات مرتب کرے گی بلکہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں کمی لانے میں بھی مدد دے گی۔ ادارے کی اس مہم سے KW&SC ایک جدید، شفاف اور خدمت گزار ادارے کے طور پر اپنی شناخت کو مستحکم کر رہا ہے، جو مستقبل میں کراچی کے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ خبریں