کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں اصلاحات کے عمل کے تحت نئی بھرتیاں

کراچی: کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے اپنے جاری ادارہ جاتی اصلاحاتی عمل کے تحت مختلف آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کیا ہے، جن کا مقصد ادارے کی انتظامی کارکردگی، شفافیت اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ ادارے نے کہا ہے کہ یہ بھرتیاں بالخصوص واٹر اینڈ سیوریج ٹربیونل کے قیام کے بعد، قانونی، مالیاتی، ڈیٹا مینجمنٹ اور عدالتی معاونت سے متعلقہ شعبوں میں پیشہ ور افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع فراہم کریں گی۔

ترجمان کے مطابق نئی آسامیوں میں چیف لا آفیسر ، ڈیٹا پروسیسنگ اسسٹنٹ، پرائیویٹ سیکریٹری ، اکاؤنٹنٹ، ریڈر، کورٹ اسسٹنٹ، اور دیگر انتظامی عملے کے عہدے شامل ہیں۔ یہ تمام تقرریاں کنٹریکٹ کی بنیاد پر تین سال کے لیے ہوں گی جنہیں باہمی رضامندی سے توسیع دی جا سکے گی۔

ادارے کے مطابق بھرتی کا مقصد واٹر اینڈ سیوریج ٹرببونل کی کارکردگی کو مضبوط بنانا ہے تاکہ پانی اور نکاسی آب سے متعلق تنازعات کے شفاف، تیز اور منصفانہ حل کو یقینی بنایا جا سکے۔ ٹربیونل کے قانونی شعبے میں خدمات انجام دینے والے اہل امیدواروں کو کیسز کی تیاری، قانونی مشاورت، ریسرچ، اور عدالتی کارروائیوں میں معاونت کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق بھرتی کے تمام مراحل شفاف طریقے سے انجام دیے جائیں گے اور صرف شارٹ لسٹ امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔ منتخب امیدواروں کو تجربے اور قابلیت کے مطابق معاوضہ پیکیج فراہم کیا جائے گا۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے مزید کہا ہے کہ ادارے کی اصلاحات کا بنیادی مقصد شہریوں کو پانی اور نکاسی آب کی معیاری خدمات فراہم کرنا، قانونی معاملات میں شفافیت لانا، اور جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہری سہولیات کو مزید بہتر بنانا ہے۔

متعلقہ خبریں