72 انچ کی مرکزی لائن پھٹنے سے کراچی میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا

کراچی: دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی خرابی کے باعث 72 انچ قطر کی مرکزی پائپ لائن ایک بار پھر پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں کراچی کے مختلف علاقوں کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ گزشتہ 15 دنوں میں یہ چوتھا واقعہ ہے جس سے شہر میں پانی کا بحران مزید سنگین ہوگیا ہے۔

واقعہ اتوار کو پیش آیا جب بجلی کے تعطل کے باعث کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی لائن نمبر 5 متاثر ہوئی اور پائپ لائن پھٹ گئی۔ اس خرابی کے نتیجے میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے چار پمپ بھی بند ہوگئے۔

پائپ لائن پھٹنے سے ہزاروں گیلن پانی ضائع ہوگیا جبکہ شہر کے متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوگئی ہے۔

واٹر کارپوریشن کی انتظامیہ نے جاری بیان میں تصدیق کی ہے کہ مرمت کا کام جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق مرمت کا عمل 24 گھنٹوں کے اندر مکمل ہونے کی توقع ہے جس کے بعد متاثرہ علاقوں کو پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ بار بار پائپ لائن پھٹنے کے واقعات نے شہر کے پانی کے نظام اور انفراسٹرکچر پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

متعلقہ خبریں