جہلم واسا کے ایم ڈی معطل، ترقیاتی منصوبوں میں غفلت و نااہلی کا الزام

لاہور: حکومتِ پنجاب نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ غفلت اور نااہلی پر جہلم واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کے منیجنگ ڈائریکٹر کو معطل کر دیا۔

محکمہ ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مقبول حسین، منیجنگ ڈائریکٹر (بی ایس-18)، واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی جہلم کو پیڈا ایکٹ 2006 کی دفعہ 6 کے تحت معطل کر دیا گیا ہے۔ معطلی کے بعد انہیں فوری طور پر اپنے عہدے سے فارغ کرتے ہوئے پنجاب واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل، لاہور کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمے کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب سیکریٹری ہاؤسنگ نے ہفتہ کے روز جہلم کا دورہ کر کے سیوریج، نکاسی آب اور فراہمی آب سے متعلق جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ ہونے پر ایم ڈی کی سرزنش کی گئی۔

ترجمان نے سیکریٹری کے حوالے سے بتایا کہ متعلقہ افسران کے لیے منصوبوں کی بروقت تکمیل لازمی ہے اور محض “آل از ویل” کی رپورٹ قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سستی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں