35 سال بعد میر محمد بلوچ واٹر پمپنگ اسٹیشن بحال، 3 لاکھ سے زائد کراچی شہریوں کو پانی کی فراہمی میں بہتری متوقع

کراچی: کراچی کے آبی انفراسٹرکچر کی بہتری کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے میئر کراچی و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے 35 سال بعد میر محمد بلوچ واٹر پمپنگ اسٹیشن کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔

پمپنگ اسٹیشن کی بحالی سے صدر ٹاؤن، لیاری ٹاؤن اور اولڈ سٹی ایریا کے تین لاکھ سے زائد شہریوں کو پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی جبکہ کئی دہائیوں سے جاری پانی کی قلت کے مسائل میں کمی آنے کی توقع ہے۔

افتتاحی تقریب میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی، چیف آپریٹنگ آفیسر انجینئر اسداللہ خان، چیف انجینئر آفتاب عالم چانڈیو اور دیگر افسران و منتخب نمائندگان نے شرکت کی۔

حکام کے مطابق منصوبے کی تکمیل سے رنچھوڑ لائن، کھارادر، میٹھادر، جوڑیا بازار، بمبئی بازار، بھیم پورہ، ایس آئی یو ٹی، سول اسپتال اور صدر ٹاؤن کی مختلف یونین کونسلز سمیت اولڈ سٹی ایریا کے وسیع علاقوں میں پانی کی فراہمی بہتر ہوگی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ میئر کراچی نے تقریباً تین ماہ قبل علاقے کے دورے کے دوران میر محمد بلوچ واٹر پمپنگ اسٹیشن کا معائنہ کیا تھا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی تھی کہ اسے ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا جائے۔

بحالی منصوبے کے تحت سول اسٹرکچر کی مرمت، پمپنگ مشینری کی اوورہالنگ، 125 ہارس پاور کی تین الیکٹرک موٹروں کی ری وائنڈنگ، لو ٹینشن کیبلز کی تنصیب، 500 رننگ فٹ طویل 12 انچ قطر کی پائپ لائن بچھانے، جدید الیکٹرک پینل کی فراہمی اور مستقل بجلی کنکشن کے اقدامات کیے گئے۔

حکام کے مطابق منصوبے پر کے الیکٹرک ادائیگیوں سمیت مجموعی طور پر 30.5 ملین روپے لاگت آئی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میر محمد بلوچ واٹر پمپنگ اسٹیشن 1991 میں قائم کیا گیا تھا لیکن مستقل بجلی کنکشن نہ ہونے کے باعث یہ تین دہائیوں سے زائد عرصے تک غیر فعال رہا، جس کے باعث اولڈ سٹی ایریا کے شہری پانی کی قلت کا سامنا کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی تمام اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا سفر جاری ہے۔

میئر کراچی نے بتایا کہ میر محمد بلوچ واٹر پمپنگ اسٹیشن کی بحالی کے بعد گارڈن پمپنگ اسٹیشن پر بھی کام شروع کیا جائے گا، جبکہ منگھوپیر اور مومن آباد میں نئے پمپنگ اسٹیشنز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے تھری لائن کے ذریعے آئندہ دو ماہ میں لیاری کو مزید 10 ملین گیلن یومیہ پانی فراہم کیا جائے گا، جبکہ گلشن حدید اور اسٹیل ٹاؤن میں بھی پانی کی فراہمی کے مسائل حل کر دیے گئے ہیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن شہر کے آبی نظام کو بہتر بنانے، پرانے انفراسٹرکچر کی بحالی اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

متعلقہ خبریں