لاہور (نمائندہ مقامی حکومت) پنجاب حکومت کی جانب سے "پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2024” پنجاب اسمبلی میں پیش کیے جانے کے باوجود تاحال اس کی منظوری نہیں ہو سکی۔ یہ بل دسمبر 2024 میں اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرایا گیا تھا، تاہم اب تک اس پر مکمل بحث نہیں ہو پائی۔
اس نئے نظام کے تحت لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت صوبے بھر کی ضلعی کونسلیں ختم کر کے ٹاؤن کارپوریشنز متعارف کروائی جا رہی ہیں، جن کی سربراہی میئرز کریں گے۔ اس کے علاوہ، آبادی کے تناسب سے میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیاں اور تحصیل کونسلز تشکیل دی جائیں گی۔
بل کا مقصد آئین کے آرٹیکل 140-اے کے تحت اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی، مؤثر مقامی حکمرانی اور شہریوں کو بہتر بلدیاتی خدمات فراہم کرنا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے لیے تیاری مکمل کر لی ہے، تاہم بل کی منظوری میں تاخیر سے انتخابی شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اس بل کو جلد از جلد منظور کرا کر صوبے بھر میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کرانا چاہتی ہے، تاکہ جمہوری نظام کو نچلی سطح تک فعال کیا جا سکے۔