نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں صفائی کی بدترین صورتحال، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ پر سنگین الزامات

کراچی (نمائندہ خصوصی) نارتھ ناظم آباد بلاک اے کے مکینوں نے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (SSWMB) کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صفائی کے دعوے جھوٹے ثابت ہو رہے ہیں، اور کئی دنوں سے علاقے میں نہ تو کچرا اٹھایا گیا ہے اور نہ ہی الائشیں ہٹائی گئی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے زیرِ نگرانی چلنے والا ادارہ دعویٰ کرتا ہے کہ وہ 24 گھنٹے سروس فراہم کر رہا ہے اور گھروں سے روزانہ کچرا اٹھایا جاتا ہے، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ بلاک اے کے مختلف مقامات پر کچرا اور الائشیں تاحال پڑی ہوئی ہیں جس سے نہ صرف تعفن پھیل رہا ہے بلکہ مکینوں کی زندگی بھی عذاب بن گئی ہے۔ شہریوں کی جانب سے فراہم کردہ ویڈیو کلپس میں علاقے کی گندگی، ناجائز کچرا کنڈیاں اور صفائی نہ ہونے کی واضح جھلکیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔ متاثرین نے بتایا کہ بجلی کے بلوں میں صفائی کے نام پر اضافی چارجز لیے جا رہے ہیں لیکن زمینی حقیقت یہ ہے کہ صفائی کا کوئی عملی انتظام موجود نہیں۔ علاقہ مکینوں نے میئر کراچی، وزیر اعلیٰ سندھ، ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی اور اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور علاقے میں صفائی کی صورتحال کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے خاص طور پر سٹیٹ بینک بلاک اے کی دیوار کے ساتھ بنائی گئی ناجائز کچرا کنڈیوں کو فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے فوری ایکشن نہ لیا تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

متعلقہ خبریں