پولیس سہولت مرکز میں ایک ہی چھت کے نیچے شہریوں کو مختلف خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ضلعی پولیس سربراہ ٹانک اسلم نواز خان نے آج دفتر ضلعی پولیس ٹانک میں قائم پولیس سہولت مرکز کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس سہولت مرکز میں موجود شہریوں سے ملاقات کی، ان کے تجربات دریافت کیے اور پولیس خدمات پر اطمینان کے اظہار پر خوشی کا اظہار کیا۔ ڈی پی او ٹانک نے پولیس سہولت مرکز کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور سروسز کی فراہمی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔
پولیس سہولت مرکز میں ایک ہی چھت کے نیچے شہریوں کو مختلف خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں ٹریفک معلومات، ڈرائیونگ لائسنس و لرنر پرمٹ، پولیس ویریفکیشن، ملازمین و کرایہ داروں کی تصدیق، شیڈول و بھرتی معلومات، قانونی مشورہ، گمشدگی و چوری کی رپورٹ، اور متاثرہ افراد کی معاونت شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ویزہ اور بیرون ملک سفر کے لیے پولیس کلیئرنس، کردار سرٹیفکیٹ اور غیر ملکیوں کی رجسٹریشن جیسی اہم سہولیات بھی مؤثر طریقے سے فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈی پی او ٹانک نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل اور تاثرات سنے، تمام افراد نے عملے کے خوش اخلاق رویے، تیزرفتار سروس، اور صاف ستھرے ماحول پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ۔ جس پر ڈی پی او نے موقع پر موجود عملے کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ شہریوں سے حسن سلوک، رہنمائی اور فوری معاونت کو ہر صورت ترجیح دی جائے۔
پولیس سہولت مرکز میں عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے آرام دہ بیٹھنے کا انتظام، ٹھنڈے پانی کی سہولت، بجلی، پنکھے اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ سائلین کو پرامن، خوشگوار اور منظم ماحول میں تمام مطلوبہ خدمات بآسانی دستیاب ہیں، جس سے عوام اور پولیس کے درمیان بھروسہ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ آخر میں ڈی پی او ٹانک نے کہا کہ پولیس کا فرض صرف قانون نافذ کرنا نہیں بلکہ عوامی خدمت بھی ہے، اور پولیس سہولت مرکز اس خدمت کی عملی مثال ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اسی جذبے کے تحت عوامی فلاح و سہولت کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔