جنوبی وزیرستان اپر: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ زاہد یونس کا نئے ضلعی ہیڈکوارٹر لدھا میں ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ

تعمیراتی کاموں کا معیار بہتر بنانے اور عوامی فنڈز کے شفاف استعمال کی ہدایت

جنوبی وزیرستان اپر (نمائندہ خصوصی) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جنوبی وزیرستان اپر، زاہد یونس نے نئے ضلعی ہیڈکوارٹر لدھا میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعدد اہم ترقیاتی منصوبوں، جن میں گورنمنٹ ڈگری کالج سام، کیٹگری ڈی تانک ہسپتال کانیگرم، بلیک ٹاپ روڈ لدھا تا غوواک، اور بلیک ٹاپ روڈ لدھا پٹویلائی تا تنگی بدنزئی شامل ہیں، کا موقع پر جا کر جائزہ لیا۔معائنے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر زاہد یونس نے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر سی اینڈ ڈبلیو ڈویژن، انجینئرنگ اسٹاف، اور ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن (ایم اینڈ ای)، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام منصوبے PC-1 اور منظور شدہ تکنیکی ڈیزائن کے مطابق مکمل کیے جائیں۔انہوں نے عوامی فنڈز کے شفاف، مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال کو ہر صورت یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "ترقیاتی منصوبوں کا اصل مقصد عوامی فلاح و بہبود ہے، اور اس میں کسی قسم کی غفلت یا معیار میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔”زاہد یونس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نئے ضلعی ہیڈکوارٹر کا جلد از جلد فعال ہونا نہ صرف مؤثر انتظامی ڈھانچے کے قیام میں مددگار ہوگا بلکہ تعلیم، صحت، عوامی خدمات اور دیگر شعبوں میں بہتری لانے کا ذریعہ بھی بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام اداروں سے قریبی تعاون کی امید رکھتی ہے تاکہ ترقیاتی اہداف کو بروقت اور معیار کے مطابق حاصل کیا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ترقیاتی عمل کو علاقے کے عوام نے سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے، جو جنوبی وزیرستان اپر میں پائیدار ترقی کی نوید ہے۔

متعلقہ خبریں