کراچی: جماعت اسلامی نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ کے حالیہ بلدیاتی ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیاب کرانے کے لیے الیکشن کمیشن نے جانبدارانہ کردار ادا کیا، جس کے باعث شفاف انتخابی عمل ممکن نہ ہوسکا۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے ادارہ نورِ حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر کراچی اور سندھ کے دیگر اضلاع میں شفاف انتخابات نہیں ہوسکے اور انتخابی عمل کو ہائی جیک کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں چیئرمین، تین وائس چیئرمین اور ایک جنرل ممبر کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات نے عوام کے اعتماد کو نقصان پہنچایا ہے۔ ’’پیپلز پارٹی جمہوریت کے نعرے لگاتی ہے لیکن اس کا اصل چہرہ دھاندلی اور بددیانتی ہے،‘‘ ان کا کہنا تھا۔
انہوں نے اورنگی ٹاؤن کی یو سی-7 وارڈ-4 کے عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پیپلز پارٹی کو مسترد کرتے ہوئے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا۔
منعم ظفر نے کہا کہ پیپلز پارٹی 18 برس گزرنے کے باوجود صوبائی فنانس کمیشن نافذ کرنے اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے سے گریزاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد کراچی کے مالیاتی حصے کو 49 فیصد سے کم کرکے محض 5.8 فیصد کر دیا گیا ہے جو ناانصافی ہے۔