بلوچستان کی صوبائی وزیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ نوجوان ہی صوبے کے مستقبل کے حقیقی معمار ہیں۔ انہوں نے یہ بات کوئٹہ میں منعقدہ نیشنل یوتھ سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے تعلیم، ہنر مندی اور روزگار کے مواقع کو بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے بنیادی ستون قرار دیا۔
وزیر کھیل و امورِ نوجوانان نے کہا کہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کو مثبت مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہیے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں اور خیالات کو تعمیری انداز میں سامنے لا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے، جن میں یوتھ اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام، کھیلوں کے کمپلیکسز کا قیام، بے نظیر بھٹو اسکالرشپ، اور یوتھ انٹرپرائز اسکیم جیسے منصوبے شامل ہیں۔
مینا مجید بلوچ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں فعال کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ، ہنرمند اور پُراعتماد نوجوان ہی بلوچستان کے مستقبل کو روشن بنا سکتے ہیں۔