پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مؤخر . الیکشن کمیشن کا نیا قانون کے تحت انتخابی عمل مکمل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں نئی بلدیاتی قانون سازی کے بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو فی الحال ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن نے طے کیا ہے کہ اب انتخابات پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت کرائے جائیں گے، جس کے بعد پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 منسوخ کر دیا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں ممبران کمیشن، سیکرٹری الیکشن کمیشن، اسپیشل سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری لاء اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب اسمبلی نے نیا بلدیاتی قانون (پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025) منظور کرلیا ہے، جس کی منظوری گورنر پنجاب نے بھی دے دی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے قانون کے تحت لوکل گورنمنٹس کا ڈھانچہ (structure) اور دیگر امور میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ پرانے ایکٹ 2022 کے تحت حلقہ بندی کمیٹیوں، اتھارٹیز اور حلقہ بندی کے شیڈول کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو حلقہ بندی اور ڈیمارکیشن رولز کی تکمیل کے لیے چار ہفتوں کی مہلت دے دی ہے تاکہ نئے ایکٹ کے مطابق انتخابی عمل کو حتمی شکل دی جا سکے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت نے کمیشن کو ایک مراسلہ بھیجا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نئے ایکٹ کے نفاذ کے بعد بلدیاتی ڈھانچے میں تبدیلی کے باعث پرانی حلقہ بندیاں کالعدم ہو چکی ہیں، لہٰذا نئے نظام کے تحت حلقہ بندی کا عمل ازسرِنو شروع کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں