تحصیل کونسل پبی کا آئل ڈپو اور غیر قانونی ٹینکر اڈے منتقل کرنے کا مطالبہ
پشاور: تحصیل کونسل پبی نے ایک قرارداد کے ذریعے علاقے میں قائم دو بڑے آئل ڈپو اور متعدد غیر قانونی ٹینکر پارکنگ اسٹینڈ فوری طور پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
جاری بیان کے مطابق یہ قرارداد تحصیل کونسل پبی کے چیئرمین تیمور کمال نے پیش کی، جسے ایوان نے اکثریت سے منظور کر لیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) اور شیل کمپنی گزشتہ پانچ دہائیوں سے جی ٹی روڈ، تروجبہ کے مقام پر اپنے آئل ڈپو چلا رہی ہیں، جو سرکاری ہائر سیکنڈری اسکول کے عین ساتھ واقع ہیں۔ یہ نو شہرہ کے سب سے بڑے سرکاری تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے جہاں 1200 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ ان ڈپوؤں میں لاکھوں لیٹر تیل ذخیرہ کیا جاتا ہے، جو کسی بھی حادثے کی صورت میں تباہ کن نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔ مزید کہا گیا کہ شیل کمپنی کے بھاری ٹینکرز نے علاقے کی سڑکیں تباہ کر دی ہیں، جبکہ کمپنی نہ تو سڑکوں کی مرمت کر رہی ہے اور نہ ہی مقامی آبادی کو کوئی فائدہ دے رہی ہے۔
قرارداد کے مطابق علاقے میں متعدد غیرقانونی ٹینکر پارکنگ اسٹینڈ بھی قائم ہو چکے ہیں جن میں بنیادی حفاظتی انتظامات موجود نہیں۔ ایوان نے مطالبہ کیا کہ مقامی آبادی کو ممکنہ خطرات سے بچانے کے لیے آئل ڈپو اور تمام غیرقانونی پارکنگ اسٹینڈ فوری طور پر منتقل کیے جائیں۔