وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی کے میونسپل کمشنر افضال زیدی کو بیرونِ ملک سفر سے روک دیا، کیونکہ ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل پایا گیا۔
ذرائع کے مطابق افضال زیدی ہفتے کی شب ترکش ایئرلائن کی پرواز ٹی کے–709 کے ذریعے کراچی سے استنبول روانہ ہونے والے تھے۔ تاہم امیگریشن کاؤنٹر پر کلیئرنس کے دوران حکام نے ان کا نام ای سی ایل میں ہونے کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں سفر کی اجازت دینے سے انکار کر دیا اور پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا۔
امیگریشن حکام نے افضال زیدی کو آگاہ کیا کہ ای سی ایل سے نام نکلنے یا عدالت سے پیشگی اجازت حاصل کرنے تک وہ بیرونِ ملک سفر نہیں کر سکتے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مختلف الزامات کے باعث درجنوں افسران کو خصوصی واچ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، جس کے تحت ان کے غیر ملکی سفر پر پابندی عائد ہے۔