ڈی پی او بنوں کا پولیس سہولت مرکز کا دورہ، خدمات کا جائزہ
بنوں (نمائندہ مقامی حکومت) ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی نے پولیس سہولت مرکز کا اچانک دورہ کیا، جہاں انتظامات اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے افسران و اہلکاروں سے بریفنگ لی اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کا معائنہ کیا، جبکہ شہریوں کے مسائل کے فوری اور مؤثر حل پر زور دیا۔ڈی پی او نے ہدایت کی کہ شہریوں کو بروقت، شفاف اور باعزت طریقے سے سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ پولیس پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔انہوں نے سہولت مرکز میں موجود شہریوں سے ملاقات بھی کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق ان کی رائے لی۔ شہریوں نے پولیس سہولت مرکز کے نظام، عملے کے رویے اور خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس سہولت مراکز کا مقصد عوام کو تھانوں کے غیر ضروری چکروں سے بچاتے ہوئے ایک ہی چھت تلے آسان اور فوری خدمات فراہم کرنا ہے، جبکہ بنوں پولیس عوامی خدمت، شفافیت اور اعتماد کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔