پشاور میں قائداعظم پولیس میڈل اور صدارتی پولیس میڈل کی اعزازی رقم کے چیکس کی تقسیم کی پُروقار تقریب
پشاور(نمائندہ مقامی حکومت) سینٹرل پولیس آفس پشاور کے آڈیٹوریم میں آج ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے قائداعظم پولیس میڈل (QPM) اور صدارتی پولیس میڈل (PPM) حاصل کرنے والے شہداء کے لواحقین اور غازی افسران و اہلکاروں میں اعزازی چیکس تقسیم کیے۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پیز، ڈی آئی جیز، میڈلز حاصل کرنے والے افسران و جوانان اور ان کے اہلخانہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے شہداء اور غازی ہمارے اصل ہیرو ہیں، جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے صوبے میں امن کے قیام کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ QPM اور PPM جیسے اعلیٰ اعزازات پولیس اہلکاروں کی بہادری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف ہیں اور یہ پوری فورس کے لیے باعثِ فخر ہیں۔آئی جی پی نے مزید کہا کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے افسران و جوانان فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا پیشہ بلاشبہ مشکل اور خطرناک ہے، مگر اس میں بہترین کارکردگی پر ملنے والا اجر بھی غیرمعمولی ہوتا ہے۔انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس فورس نے ہر موقع پر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور عالمی سطح پر بھی اس کی کارکردگی کو سراہا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈلز اور اعزازات کسی خدمت کا معاوضہ نہیں بلکہ جرات و قربانی کی ایک علامت ہیں، جو دیگر اہلکاروں کے لیے مشعلِ راہ بنتی ہیں۔آئی جی پی نے کہا کہ قائداعظم پولیس میڈل اور صدارتی پولیس میڈل عظیم شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں اور قیادت کا مظہر ہیں، جنہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ پولیس اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے رہیں گے۔تقریب میں گزشتہ چند برسوں کے دوران غیرمعمولی جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے 52 پولیس افسران و اہلکاروں میں اعزازی چیکس تقسیم کیے گئے، جن میں 11 شہداء کے لواحقین بھی شامل تھے۔آئی جی پی نے محکمہ خزانہ اور پولیس ویلفیئر یونٹ کی جانب سے اعزازی چیکس کے حصول کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اعزازات کی بروقت فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جا رہا ہے۔تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔