ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان غلام مبشر میکن کا درازندہ سب ڈویژن کا تفصیلی دورہ
ڈیرہ اسماعیل خان: ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان غلام مبشر میکن نے درازندہ سب ڈویژن کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ ضیاء الدین احمد، ایس پی سی ٹی ڈی اور ایس پی صدر بھی ان کے ہمراہ تھے۔آر پی او نے ایف سی قلعہ درازندہ میں ایس ایس بی-21 بریگیڈ یونٹ کے بریگیڈیئر انوار سے ملاقات کی، جس میں علاقے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز، امن و امان کی صورتحال اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر علاقائی مشران سے بھی ملاقات کی گئی، جن کے مسائل سنے گئے اور موقع پر ڈی پی او ڈیرہ کو ان کے حل کے لیے ضروری احکامات جاری کیے گئے۔آر پی او غلام مبشر میکن نے اس موقع پر کہا کہ سماج دشمن عناصر عوام اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہیں، تاہم پولیس، سیکیورٹی ادارے اور عوام باہمی اتحاد سے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقے کے پائیدار امن کے لیے سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی، اور امن کے قیام میں عوامی تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔دورے کے دوران آر پی او نے تھانہ درازندہ کا معائنہ کیا، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور پولیس جوانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور موقع پر حل کیے۔
جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض دلیری، دیانتداری اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ سرانجام دیں اور محکمہ و ساتھیوں کے ساتھ وفاداری کو یقینی بنائیں۔بعد ازاں آر پی او نے درازندہ بازار کا دورہ کیا، جہاں عوام میں گھل مل کر ان کے مسائل دریافت کیے اور موقع پر ایس پی صدر کو فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر بچوں میں کھیلوں کا سامان اور کھلونے بھی تقسیم کیے گئے۔آر پی او نے اپنے دورے کے دوران تھانہ درابن،امن میلہ، درابن اور کھتی چیک پوسٹس کا بھی معائنہ کیا، جہاں سیکیورٹی انتظامات، عمارتوں کی حالت، رہائش اور کھانے کے معیار کا جائزہ لیا گیا۔ کھتی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کو بروقت ناکام بنانے پر تعینات پولیس جوانوں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات بھی دیے گئے۔آخر میں آر پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیرہ ریجن میں امن و امان کے قیام، عوامی تحفظ اور پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔