لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے "اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم کے تحت 30 ہزار بے زمین خاندانوں کو قابلِ کاشت سرکاری زمین الاٹ کرنے کے لیے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کر دی۔ اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 21 ہزار ایکڑ زرعی زمین 20 سال کے لیے مستحق خاندانوں کے حوالے کی جا رہی ہے تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور خود کفیل بن سکیں۔
قرعہ اندازی کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فیصل آباد کے پہلے کامیاب امیدوار عبد الستار، ولد مختار احمد، سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ "اپنی محنت کی کمائی کھائیں، باوقار زندگی گزاریں اور کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہ رہے۔”
وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ایک اور عوامی فلاحی منصوبہ کامیابی سے مکمل ہوا ہے۔ انہوں نے منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم کو مختصر مدت میں اس خواب کو حقیقت بنانے پر مبارکباد پیش کی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ آج 30 ہزار خاندان اپنی زمین کے مالک اور مختار بن رہے ہیں، جس سے وہ نہ صرف زراعت کے ذریعے روزگار حاصل کریں گے بلکہ مڈل مین یا کسی دوسرے فرد پر انحصار بھی ختم ہو جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت کسانوں اور محروم طبقات کی معاشی بحالی کے لیے ایسے فلاحی منصوبے جاری رکھے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندان باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور صوبے میں زرعی ترقی کو فروغ ملے۔